پنجاب میں پانچویں اور آٹھویں کے امتحانات سے مطالعہ پاکستان کا مضمون خارج، عربی بھی غائب۔ طلباء کے ذہنوں سے نظریہ پاکستان، قرارداد پاکستان، خطبہ الٰہ آباد، قائداعظم کے چودہ نکات، تحریک کارکنان، علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کا تصور مٹانے کی سازش۔ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے ڈیٹ شیٹ جاری کر دی۔ 

تفصیلات کے مطابق پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے ایجوکیشن پالیسی کے برعکس صوبہ پنجاب میں نیا امتحانی سسٹم و شیڈول متعارف کروا دیا ہے جس کے تحت صوبے میں پانچویں اور آٹھویں کے بورڈ کے امتحانات میں مطالعہ پاکستان کا امتحان نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایگزامینیشن کمیشن کے تحت گزشتہ چھ سال سے امتحان لیا جا رہا ہے جس میں مطالعہ کی حیثیت لازمی تھی لیکن اچانک ختم کر کے ایجوکیشن پالیسی پر ابہام پیدا کر دیا گیا ہے۔ مطالعہ پاکستان کا امتحان نہ لینے کے فیصلے سے طلباء کی مطالعہ

پاکستان کی تعلیم کے حصول پر توجہ بالکل ختم ہو کر رہ گئی ہے اور بچے مطالعہ پاکستان کو چھوڑ کر باقی مضامین کی تیاری پر لگ گئے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ حکومت کروڑوں روپے کی مطالعہ پاکستان اور عربی کی کتب چھاپ کر طلباء کوفراہم تو کر رہی ہے لیکن ان مضامین کا امتحان نہ لیکر ایجوکیشن پالیسی کی مخالفت بھی کی ہے۔

تعلیمی اور نظریاتی حلقوں نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالعہ پاکستان اور عربی کا امتحان نہ لیکر طلباء کو پاکستان کی تاریخ اور قرآن اور اسلام کی تعلیمات سے دور کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف والدین، اساتذہ اور اساتذہ تنظیموں نے اسے بیرونی سازش قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


0 comments:

Post a Comment

 
Top