کراچی ( ) جماعة الدعوة کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی پریس کلب کے باہر عظیم الشان یکجہتی کشمیر کانفرنس سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ اس کے لیے قربانی دینے کو تیار ہے۔ حکومت بھارت سے دوستی کے بجائے کشمیر کو آزاد کروائے۔ بھارت کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے پانیوں پر ڈاکہ ڈالنے اور وطن عزیز میں دہشت گردی کروانے میں مصروف ہے۔ جب تک بھارتی افواج کشمیر خالی نہیں کرتے ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ یکجہتی کشمیر کانفرنس سے حریت رہنما شبیر شاہ نے ٹیلیفونک خطاب کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلیم ضیائ، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، جماعة الدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان کے صدیق راٹھور، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قاری غلام یٰسین، جمعیت علمائے اسلام (س) کے غلام مصطفیٰ فاروقی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے۔ جو شہرکے مختلف علاقوں سے ریلیوں کی شکل میں کراچی پریس کلب تک پہنچے۔ شرکاءمیں زبردست جوش وخروش اور بہترین نظم و ضبط دیکھنے میں آیا۔ کانفرنس کے دوران شرکاءکشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، تیرا نگر میرا نگر سری نگر سری نگر اور کشمیر بنے گا پاکستان، ہاتھوں میں ہاتھ دو کشمیریوں کا ساتھ دو، کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ یکجہتی کشمیر کانفرنس سے قبل جماعة الدعوة کراچی کے امیر مزمل اقبال ہاشمی کی قیادت میں شرکاءنے فوارہ چوک گورنر ہاﺅس سے پریس کلب تک ایک بڑی ریلی بھی نکالی۔ عظیم الشانیکجہتی کشمیر کانفرنس سے جماعة الدعوة پاکستان کے مرکزی رہنما و شعبہ سیاسی امور کے ذمہ دار پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ریاست جموں و کشمیر میں آٹھ لاکھ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی سے کشمیریوں کو آزادی جیسی عظیم نعمت سے محروم کر رکھا ہے۔ کشمیری 67 سال سے قربانیاں پیش کر رہے ہیں لیکن ان کے پایہ استقلال میں کوئی لغزش نہیں آئی۔ وہ آج بھی اپنی آزادی کے لیے عزم و حوصلے کے ساتھ استقامت کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت پاکستان بھارت سے تجارت و دوستی کے بجائے کشمیریوں کی ہر سطح پر آگے بڑھ کر مدد کرے۔ پاکستان میں قتل و غارت گری اور تخریبی کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے، وہ کبھی بھی ہمارا خیرخواہ نہیں ہوسکتا۔ ہمارا رشتہ اہل کشمیر کے ساتھ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اٹوٹ ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کرسکتی۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ بھارت کشمیر پر مسلح طریقے سے اپنے قبضے کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔ باڑ کی تعمیر کے بعد اب دیوار برہمن کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے امن کو محفوظ تر بنانے کے لیے کشمیریوں کو حق خودارادیت دی جائے۔ عالمی برادری سمیت مسلم دنیا بھی کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام کے لیے کردار ادا کریں۔ مقبوضہ کشمیر سے حریت رہنما شبیر شاہ نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ کشمیر کی آزادی پاکستان کے لیے خوشحالی اور امن کی ضمانت ہے۔ پاکستان اور اس کی عوام ہر سطح پر کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک دور سے گزرنے میں کامیاب ہو۔ یکجہتی کشمیر کانفرنس سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما سلیم ضیاءنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے لاتعداد قربانیوں کے باوجود اپنی تحریک آزادی کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں سردخانے کی نذر نہیں ہونی چاہئے، اس پر عمل درآمد ہونا ضروری ہے۔ مسلم برادری کو اپنی مجرمانہ خاموشی کا سکوت توڑنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی عوام کو ہم یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان اور اس کی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ کشمیر شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے، اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے دل کشمیریوں اور مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں لیکن حکمران طبقہ پوری دنیا میں اس یکجہتی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ کشمیریوں نے اسلام اور کامل ایمان کی بدولت آج بھی سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے اپنی جدوجہد کے ذریعے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بھارت نے جس قدر کشمیریوں کو دبانے کی کوشش کی، وہ اتنا ہی آگے بڑھتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں، بھارت ہمارا خیر خواہ نہیں ہوسکتا۔ عالمی برادری کی بے رخی کے سبب امت مسلمہ کو اپنی آزادی کی جنگ خود لڑنی پڑے گی۔ جماعة الدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ کشمیریوں نے ہزاروں قربانیاں صرف اس لیے دیں ہیں کہ کشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو۔ کشمیری کسی صورت بھی بھارت کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پروپیگنڈہ کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشت گردی سے تعبیر کر رہا ہے۔ دہشت گرد کشمیری نہیں، وہ کل بھی حق پر تھے اور آج بھی حق پر ہے۔ بھارت ہی دہشت گردی کا سرغنہ ہے، جو کشمیر کے بعد اب ہمارے پانیوں پر بھی قبضہ جما رہا ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے اصل روح سے ہماری اکثریت ناآشنا ہے۔ وزیر اعظم سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے سنجدہ ہوں۔ ہم کشمیر کی آزادی کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔ جمیعت علمائے پاکستان کے رہنما صدیق راٹھور نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہونے کی باوجود اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ عالمی برادری اور حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کریں۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما قاری غلام یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر مسلمانوں کی اکثریتی آبادی کا ملک ہے لیکن بھارت اس پر قابض ہوکر ظلم ڈھا رہا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب آزادی کی جدوجہد کے بدولت کشمیری آزاد فضاﺅں میں سانس لیں گے۔ جمیعت علمائے اسلام (س) کے رہنما غلام مصطفیٰ فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے۔ جب تک بھارتی ظلم کا خاتمہ نہیں ہوگا ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ یکجہتی کشمیر کانفرنس میں کشمیر کمیونٹی کے سربراہ قاری عاشق سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاءنے انڈیا سے اظہار نفرت کے لیے بھارتی ترنگا بھی نذر آتش کیا۔

0 comments:

Post a Comment

 
Top